نئی دہلی، 2 /فروری(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا) مرکزی زراعت اور کسان بہبود وزیر رادھا موہن سنگھ نے اس بار کے بجٹ کو گاؤں، غریب اور کسانوں کے لئے بتایا ہے۔وزیر نے کہا کہ گزشتہ سال 2 فیصد زرعی ترقی کی شرح کا اس سال بڑھ کر 4.1 فیصد ہو جانا اس بات کا ثبوت ہے کہ حکومت کسانوں اور کھیتی باڑی کی بہتری کے لئے کتنی سنجیدگی سے کام کر رہی ہے۔ مرکزی وزیر زراعت نے یہ بات جمعرات کو وزارت زراعت میں صحافیوں سے بات چیت میں کہی۔ رادھا موہن سنگھ نے کہا کہ اس بجٹ نے زراعت و کسانوں کو حفاظتی ڈھال فراہم کیا ہے۔ مودی حکومت نے دس لاکھ تالاب بنانے کی بات کی ہے، یہ بہت ہی بڑا اور قابل ستائش قدم ہے، تالاب سے کسان آب پاشی کے ساتھ ساتھ مچھلی پاک کر اپنی آمدنی کو دوگنا کر سکیں گے۔ گزشتہ سال پانچ لاکھ تالاب بنائے گئے تھے، اس کے علاوہ منریگا کے ذریعے کسانوں کو سو دن روزگار فراہم کروانے کی بات کہی ہے، یہ بھی اچھا قدم ہے۔سنگھ نے کہا کہ کسانوں کی آمدنی 5 سال میں دگنی کرنے کی حکومت کے عزم کا انکشاف اس بجٹ میں ہوا ہے، ساتھ ہی سفید اور نیلی انقلاب کی قرارداد کو بھی اس بجٹ میں اجاگر کیا گیا ہے۔